حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان اہم پیش رفت، لانگ مارچ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی، گورنر راج نہ لگانے پر اتفاق
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور فریقین کے درمیان بعض بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ نہیں کیا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ نہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف سے ملاقاتیں عدالتی احکامات اور قانونی تقاضوں کی روشنی میں ہوں گی، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں وفاقی حکومت سے تعاون کرے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ بھی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس سیاسی پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تحریک تحفظ آئین، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کو آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کا اعتراف کرنا چاہیے، جن کے تدبر اور حکمت عملی کے باعث سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کی صورت میں سب سے زیادہ سیاسی نقصان مسلم لیگ (ن) کو پہنچ سکتا تھا، تاہم مسلم لیگ (ن) پر شدید سیاسی تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی جماعت کے بجائے ’’خوشامدی ٹولہ‘‘ قرار دیا گیا۔
بیان میں بلاول بھٹو زرداری کے ایمرجنسی یا گورنر راج کی جانب جانے کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آصف علی زرداری نے کسی کی خواہش پر ایسا قدم نہیں اٹھایا۔
بیان کا اختتام سیاسی نعرے ’’ایک زرداری، سب پر بھاری‘‘ پر کیا گیا۔