پشاور بزنس الائنس کا چیمبر الیکشن میں حقیقی کاروباری افراد کو امیدوار بنانے کا اعلان

پشاور بزنس الائنس کا چیمبر الیکشن میں حقیقی کاروباری افراد کو امیدوار بنانے کا اعلان

پشاور: بزنس الائنس کے سرپرست اعلیٰ ظاہر علی شاہ نے کہا ہے کہ الائنس چیمبر الیکشن میں اپنوں کے بجائے حقیقی کاروباری افراد کو امیدوار نامزد کرے گا، تاجر برادری اب بیدار ہوچکی ہے اور 17 ستمبر کو اپنا ووٹ ضرور پول کرے۔

عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظاہر علی شاہ نے کہا کہ تاجروں نے بزنس الائنس کو بھرپور تعاون دیا ہے، چیمبر کا بنیادی مقصد تاجروں کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا ہے۔ ان کے مطابق تاجر برادری ماضی کے چیمبر کی کارکردگی سے مایوس ہے اور ماضی میں بند کمروں میں امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیمبر تاجروں خصوصاً چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ کاروباری حالات کے باعث تاجر اپنا کاروبار باہر منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔ بڑے تاجروں کے ساتھ چھوٹے تاجروں کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔

ظاہر علی شاہ نے کہا کہ تاجروں کو ایسے امیدواروں کو ووٹ دینا چاہیے جو مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس الائنس کو ایک موقع دیا جائے، ناکام ہوئے تو تاجر برادری سوال کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال قبل چیمبر الیکشن ہنگامہ آرائی کا شکار ہوا تھا، تاہم اس بار الیکشن پُرامن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں