ایران کے نائب صدر کا یمن کی کامیابیوں پر اظہارِ مسرت، اسلامی ممالک کے مضبوط سیاسی و اقتصادی بلاک کی تشکیل پر زور

تہران: ایران کے فرسٹ نائب صدر محمد رضا عارف نے یمن کے عوام کی کامیابیوں پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے اسلامی دنیا کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اسلامی اقتصادی اور سیاسی بلاک کی تشکیل پر زور دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق محمد رضا عارف نے جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ یمن کی بہادر قوم کی کامیابیوں پر خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی خطے کے حکمرانوں کے لیے ایران کا پیغام عقل و دانش، بیرونی انحصار سے آزادی اور اسلام کے پرچم تلے اتحاد کا پیغام ہے۔

ایران کے فرسٹ نائب صدر نے کہا کہ مضبوط اسلامی اقتصادی اور سیاسی بلاک کی تشکیل، ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور علاقائی یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے، امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کی ضمانت فراہم کر سکتی ہے۔

محمد رضا عارف نے اپنے بیان میں خطے کے ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کو باہمی روابط، علاقائی ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں