پنجاب بھر میں عطائیت کے خلاف پی ایچ سی کا کریک ڈاؤن، 1,415 غیر قانونی مراکز سیل

پنجاب بھر میں عطائیت کے خلاف پی ایچ سی کا کریک ڈاؤن، 1,415 غیر قانونی مراکز سیل

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) نے عطائیت کے خلاف صوبہ بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران 1,415 غیر قانونی طبی مراکز سیل کر دیے، جبکہ 4,068 طبی مراکز کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران پی ایچ سی کے انسدادِ عطائیت ڈپارٹمنٹ نے غیر مجاز، غیر اہل اور غیر محفوظ طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے صوبہ بھر میں 6,380 چھاپے مارے۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 1,153 فعال غیر قانونی مراکز سیل کیے گئے، جبکہ پہلے سے سیل 72 مراکز کی بھی جانچ کی گئی۔

پی ایچ سی کے مطابق سیل کیے جانے کے بعد 43 مراکز دوبارہ چیک کیے گئے، جبکہ 62 مراکز ایسے پائے گئے جہاں اتائی اپنا غیر قانونی کاروبار چھوڑ چکے تھے۔ سربمہر مراکز کو غیر قانونی طور پر دوبارہ کھولنے کے 118 واقعات بھی سامنے آئے۔ اسی طرح 10 غیر رجسٹرڈ طبی مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ چار مراکز ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے سیل کیے گئے تھے۔

پی ایچ سی کی ٹیموں نے چھاپوں کے دوران 143 مراکز پر مستند اور مجاز معالجین کو صحت کی خدمات فراہم کرتے ہوئے پایا۔ مزید 4,068 طبی مراکز کو نگرانی میں رکھا گیا ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہاں صرف اہل، رجسٹرڈ اور مجاز طبی عملہ ہی علاج معالجہ کرے۔

کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 376 غیر قانونی مراکز بند، دوسری جگہ منتقل یا دیگر کاروبار میں تبدیل پائے گئے۔ ان میں 240 مراکز دوسری جگہ منتقل، 123 بند جبکہ 13 مقامات پر دیگر کاروبار شروع کیے جا چکے تھے۔

ضلعی سطح پر لاہور میں سب سے زیادہ کارروائیاں کی گئیں، جہاں پی ایچ سی ٹیموں نے 894 چھاپے مار کر 293 غیر قانونی طبی مراکز سیل کیے۔ قصور میں 327 چھاپوں کے دوران 104 مراکز، ڈیرہ غازی خان میں 465 چھاپوں کے دوران 94، شیخوپورہ میں 252 چھاپوں کے دوران 80، ننکانہ صاحب میں 206 چھاپوں کے دوران 64 اور فیصل آباد میں 241 چھاپوں کے دوران 63 غیر قانونی طبی مراکز سیل کیے گئے۔

پی ایچ سی ترجمان نے کہا کہ عطائیت کے خلاف مہم کا مقصد عوام کو غیر محفوظ، غیر مجاز اور غیر قانونی طبی مراکز سے تحفظ فراہم کرنا ہے اور کمیشن اس حوالے سے کارروائیاں جاری رکھے گا۔

ترجمان کے مطابق اب تک پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے 263,257 چھاپے مارے، 75,015 عطائیت کے اڈے سیل کیے جبکہ 34,675 اتائیوں نے اپنا غیر قانونی کاروبار ترک کیا ہے۔

پی ایچ سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تشخیص، طبی مشاورت اور علاج کے لیے صرف اہل، رجسٹرڈ اور مجاز معالجین سے رجوع کریں اور اس امر کی بھی تصدیق کریں کہ جس علاج گاہ کا وہ انتخاب کر رہے ہیں وہ کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ہے۔ شہری عطائیت سے متعلق شکایات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو درج کروائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں