وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی پانچ سالہ آیت نور کے گھر آمد، انصاف کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی پانچ سالہ آیت نور کے گھر آمد، انصاف کی یقین دہانی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی پانچ سالہ بچی آیت نور کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے اظہارِ ہمدردی کیا اور مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ نے غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے موجود چائلڈ پروٹیکشن بل کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے گا تاکہ بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام اور ذمہ داروں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔

محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کے خلاف ایسے سنگین جرائم کسی صورت قابلِ قبول نہیں، حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں