کراچی: گھریلو خاتون نے ہونے والے داماد کو سپاری دے کر قتل کروادیا، 5 ملزمان گرفتار
کراچی میں مانسہرہ سے تعلق رکھنے والی گھریلو خاتون کی جانب سے اپنے ہونے والے داماد کو مبینہ طور پر سپاری دے کر قتل کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سہراب گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 44 روز بعد خاتون سمیت قتل میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 14 جولائی کو سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب ایک ڈرم سے گلا کٹی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت عالم زیب کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول عالم زیب کو اس کی منگیتر کی والدہ صائبرو نے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے کی سپاری دے کر قتل کروایا۔
پولیس کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور قتل میں ہر ملزم کے کردار سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔