ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ، ایران کا جوابی مؤقف

ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ، ایران کا جوابی مؤقف

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر امریکا کے ’’مکمل کنٹرول‘‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی کو ہر طرف سے ’’اسٹیل کی دیوار‘‘ قرار دیا جا رہا ہے اور ایران اس کے خلاف کچھ نہیں کر سکتا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور وہ اس کنٹرول کو برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں سمیت ملکی معاشی صورتحال پر بھی سخت تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ ایران شدید مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکی صدر کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ بسیج فورس کے سربراہ حسین طائب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے ’’کنٹرول اور انتظام‘‘ میں ہے اور ایران اپنی پالیسی پر مکمل سکیورٹی کے ساتھ عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

آبنائے ہرمز پر امریکا اور ایران کے متضاد دعووں کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ موجودہ صورتحال نے بحری آمدورفت اور عالمی توانائی منڈیوں پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔


ادھر سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید عباس عراقچی نے کہا کہ ’’ٹرمپ پہلے ہی امریکا کو تباہ کر رہے ہیں، ہمیں انہیں ختم کرنے کی ضرورت نہیں۔‘‘ ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں