حکومت نے بیرون ملک سے موبائل فون منگوانے پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں اضافہ کردیا

حکومت نے بیرون ملک سے موبائل فون منگوانے پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹ میں ایف بی آر دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایف بی آر کے مطابق امپورٹڈ موبائل فونز کی ڈیوٹی میں اضافہ ان کی ویلیو بڑھا کر کیا گیا ہے ، نئی کسٹم ویلیو انفرادی اور کمرشل امپورٹ دونوں پر لاگو ہوگی۔رپورٹ کے مطابق ڈیوٹی اور کسٹم میں اضافہ باہر سے امپورٹ ہونے والے 563ا قسام کے موبائل فونز کی امپورٹ پر کیا گیا ، مذکورہ اضافہ مجموعی طور پر 3 سے 21 فیصد تک کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ ویلیوایشن ڈائریکتوریٹ کو امپورٹ ہونے والے ان نئے موبائل فوئنز کی نئی قیمتوں کے تعین کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے موبائل مینوفکچرنگ پالیسی کی منظوری اور ٹیکس میں چھوٹ دئیے جانے کے بعد تین بین الاقوامی موبائل ساز کمپنیوں نے اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ پاکستان میں لگانے کا فیصلہ کرلیا ، تفصیلات کے مطابق معروف موبائل فون ساز کمپنیوں ائیر لنک، ایڈوانس ٹیلی کام اور ویوو نے پاکستان میں اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ، مذکورہ سمارٹ فون کمپنیوں نے پاکستان میں اپنے پلانٹ لگانے کا فیصلہ حکومت ِ پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والی ٹیکس میں چھوٹ کی وجہ سے کیا۔دوسری طرف حکومت نے موبائل فون صارفین کو خوشخبری سنا تے ہوئے موبائل فون کارڈز پر ایڈوانس ٹیکس مرحلہ وار ختم کرنے کی منظوری دے دی ، اس ضمن میں موبائل فون کارڈز پر پہلے مرحلے میں دو فیصد انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی جب کہ دوسرے مرحلے میں موبائل فون کارڈز پر 2.5 فیصد انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ موبائل فون کارڈز پر 12.5 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے، موبائل فون کارڈز پر آئندہ بجٹ میں ٹیکس کم کیے جائیں گے ، حکومت نے سم کارڈز پر ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے ، ٹیکس چھوٹ کا اطلاق آئندہ بجٹ میں ہوگا ، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیکس کم کرنے کی تجاویز اصولی طور پر منظور کر لی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں