خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) ایکٹ 2026 نافذ، بلدیاتی حلقہ بندیوں کی راہ ہموار

پشاور: خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) ایکٹ 2026 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد ترمیمی قانون باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو گیا۔

ترمیمی قانون کے تحت لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کی شق 6 میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے قانون کے مطابق ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کی آبادی کی حد 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ نئی حلقہ بندیوں میں آبادی کے تعین کے لیے 10 فیصد تک رد و بدل کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

قانون میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسلز کی آبادی کا تعین ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ترمیمی ایکٹ کے مطابق مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن حکومت سے مشاورت کے بعد مقررہ آبادی کی شرط میں نرمی کرنے کا اختیار بھی رکھے گا۔

نئے قانون کے نفاذ کے بعد خیبرپختونخوا میں تازہ مردم شماری کے مطابق بلدیاتی حلقہ بندیوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس سے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے قانونی بنیاد بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں