وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چین کے پاکستان میں سفیرکی ملاقات اسحاق ڈار،احسن اقبال، توقیر شاہ آمنہ بلوچ بھی موجود معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے دونوں فریق قریبی تعاون جاری رکھیں

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چین کے پاکستان میں سفیر، عزت مآب جیانگ زائی ڈونگ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم نے چین کے صدر عزت مآب شی جن پنگ اور وزیراعظم عزت مآب لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ جہت اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے رواں سال مئی میں اپنے دورۂ چین کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے دونوں فریق قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام باہمی فوائد سے مستفید ہو سکیں۔

ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ، افغانستان اور جنوبی ایشیا سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چینی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین، پاکستان کو اپنا آہنی بھائی (Iron Brother) سمجھتا ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کی سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں