باجوڑ میں تیندوے کے غیر قانونی شکار کا واقعہ، محکمہ جنگلی حیات کا سخت نوٹس

باجوڑ میں تیندوے کے غیر قانونی شکار کا واقعہ، محکمہ جنگلی حیات کا سخت نوٹس

پشاور: باجوڑ کے سرحدی علاقے سپاری، مندوگئی میں عام تیندوے کے غیر قانونی شکار کا واقعہ سامنے آنے پر محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کردی۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق واقعہ افغانستان کی سرحد سے متصل تحصیل وڑہ ماموند کے علاقے سپاری میں پیش آیا، جو ضلعی ہیڈکوارٹر خار سے تقریباً 70 سے 75 کلومیٹر دور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر وائلڈ لائف ٹیم نے تیندوے کی لاش برآمد کرنے کے لیے کارروائی شروع کی، تاہم علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور دشوار گزار راستوں کے باعث ریکوری آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق مقامی پولیس کی محدود اجازت کے بعد فیلڈ اسٹاف کے ارکان جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے، جبکہ تیندوے کی لاش کی برآمدگی اور واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

محکمہ جنگلی حیات نے ضلعی انتظامیہ، مقامی مشران اور متعلقہ اداروں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ ذمہ دار افراد کے خلاف خیبرپختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ جنگلی حیات نے غیر قانونی شکار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع دینے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں