کراچی پولیس کی ایک ہفتے کے دوران کارروائیاں، 932 سے زائد ملزمان گرفتار
کراچی: کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں 932 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان ایک ہفتے کے دوران 22 مقابلے ہوئے، جن میں 5 ڈاکو ہلاک، 22 زخمی جبکہ 34 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں، جن میں 14 کلو 520 گرام چرس، ایک کلو 488 گرام آئس/کرسٹل اور ہیروئن شامل ہے۔
کارروائیوں کے دوران مختلف اقسام کا 101 غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 30 موٹرسائیکلیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔