افغانستان: بدخشاں کے ضلع یفتل میں طالبان مخالف گروپ کا ضلعی ہیڈکوارٹرز پر حملہ، اسلحہ لے جانے کا دعویٰ
کابل: افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے ضلع یفتل میں طالبان مخالف مسلح گروپ نے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا، جس کے دوران طالبان اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے اور کئی گھنٹوں تک علاقے کا کنٹرول سنبھالے رکھنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طالبان مخالف فورسز ضلع یفتل کے مرکز میں داخل ہوئیں اور وہاں اپنا پرچم بھی لہرایا۔ حملہ آور گروپ مبینہ طور پر ضلعی ہیڈکوارٹرز سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور فوجی سازوسامان ساتھ لے گیا۔
افغانستان میں طالبان مخالف دو مسلح تحریکیں، فریڈم فرنٹ اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ، بدخشاں سمیت کئی صوبوں میں سرگرم ہیں۔
ماہرین کے مطابق بدخشاں میں مزاحمت کی نئی لہر افغان طالبان کے جبری اور غیر جمہوری اقتدار کے خلاف عوامی بے چینی کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں جاری تنازع افغان طالبان کے اندر گہرے ہوتے نسلی اور سیاسی اختلافات کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
تاہم حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے متعلق آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔