اسلام آباد: سیکٹر I-8/4 میں کیبل بچھانے کے لیے مبینہ غیر قانونی کھدائی، سڑکیں اور نکاسی آب کا نظام متاثر
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر I-8/4 کی متعدد گلیوں میں کیبل بچھانے کے لیے مبینہ طور پر کی جانے والی کھدائی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی مکینوں کے مطابق کیبل بچھانے کے دوران مزدوروں نے سڑکوں کے شولڈرز، فٹ پاتھ پر قائم پھولوں کی کیاریوں اور سی ڈی اے کے روڈ سائیڈ ڈرینز کو نقصان پہنچایا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کھدائی کے بعد گڑھوں کو مناسب طریقے سے دوبارہ نہیں بھرا جا رہا، جس کے باعث گلیوں میں مٹی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ مکینوں کے مطابق بارش کی صورت میں یہ مٹی بہہ کر سڑک کنارے قائم نالوں کو بند کر سکتی ہے، جس سے نکاسی آب کا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
مقامی رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ کام پر ہر ہفتے مزدوروں کا نیا گروپ نظر آتا ہے، جس کے باعث کام کی نگرانی اور ذمہ داری کا تعین مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں نے مبینہ طور پر مزدوروں کے نامناسب رویے کی شکایات بھی کی ہیں۔
مکینوں نے سی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ سے فوری نوٹس لینے، کھدائی کی قانونی حیثیت کی جانچ پڑتال کرنے اور سڑکوں و نکاسی آب کے نظام کو اصل حالت میں بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کھدائی غیر قانونی ثابت ہو تو ذمہ دار کمپنی اور متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔