ملتان: تیسری جماعت کے 7 سالہ طالب علم کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت پیش کرنے کا الزام
ملتان: تھانہ بستی ملوک پولیس کی جانب سے تیسری جماعت کے 7 سالہ طالب علم کو ہتھکڑیاں لگا کر کچہری پیش کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
بچے کی والدہ کے مطابق ہمسایوں کے ساتھ معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کم سن بچے اورنگزیب کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔
والدہ کا الزام ہے کہ پولیس نے 7 سالہ بچے کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا، جو کم سن بچے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے مترادف ہے۔
واقعے پر سوال اٹھاتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک معصوم بچے کے خلاف لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کرنا اور پھر اسے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت پیش کرنا پنجاب حکومت کے ’’بچوں کے تحفظ‘‘ کے دعووں کے برعکس ہے۔
متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ حکام سے واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ پولیس کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔