راولپنڈی: نیو سٹی فیز 2 میں مبینہ تشدد کا واقعہ، پولیس پر مقدمہ درج نہ کرنے کا الزام
راولپنڈی: تھانہ واہ صدر کی حدود میں واقع نیو سٹی فیز 2، ایس بلاک میں مبینہ طور پر سوسائٹی کے سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر افراد کی جانب سے ایک گھر میں داخل ہو کر بزرگ شہری سمیت تین افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام سامنے آیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق علاقے میں کافی دیر سے بجلی بند تھی، جس پر ایک بزرگ شہری نے سوسائٹی انتظامیہ کے دفتر سے جنریٹر چلانے کی درخواست کی۔ مبینہ طور پر اسی معاملے پر تنازع پیدا ہوا، جس کے بعد سوسائٹی کے افراد نے گھر میں داخل ہو کر مدثر سمیت بزرگوں اور خواتین پر تشدد کیا۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ واقعے میں بزرگ شہری سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے، تاہم پولیس مبینہ طور پر مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے۔ متاثرین کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بھی میڈیکل نہیں کیا جا رہا۔
متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، راولپنڈی پولیس اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ سوسائٹی انتظامیہ کے اثر و رسوخ کے باعث پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں مبینہ طور پر زخمی افراد اور گھر میں ہونے والی توڑ پھوڑ و تشدد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔