شانگلہ: بشام پاور ہاؤس کے قریب گاڑی دریائے سندھ میں جا گری، دو پولیس اہلکار لاپتا
شانگلہ: بشام پاور ہاؤس کے قریب سرہ کڑہ کے مقام پر ایک گاڑی بے قابو ہو کر دریائے سندھ (اباسین) میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں ڈیوٹی سے گھر واپس جانے والے دو پولیس اہلکار پیر سجاد علی اور سمیع اللہ کوہستانی گاڑی سمیت دریائے سندھ کی تند و تیز لہروں میں بہہ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تلاش و امداد کا آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دریائے سندھ کے تیز بہاؤ، گہرائی اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کے باعث ریسکیو ٹیموں کو گاڑی اور دونوں اہلکاروں کی تلاش میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ تاحال گاڑی اور لاپتا اہلکاروں کی بازیابی نہیں ہو سکی۔
حادثے نے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، جبکہ لواحقین شدید کرب میں مبتلا ہیں۔ اہل علاقہ نے عوام سے لواحقین کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔