راجہ بازار کو ماڈل بازار بنانے کی کوششیں جاری، شہریوں نے انتظامی خامیوں کی بھی نشاندہی کر دی

راجہ بازار کو ماڈل بازار بنانے کی کوششیں جاری، شہریوں نے انتظامی خامیوں کی بھی نشاندہی کر دی
راولپنڈی: حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے تاریخی راجہ بازار کو ماڈل بازار بنانے کے لیے تزئین و آرائش، صفائی اور دیگر ترقیاتی اقدامات جاری ہیں، جنہیں شہریوں نے مجموعی طور پر سراہا ہے۔
تاہم عوام کا کہنا ہے کہ ظاہری خوبصورتی کے ساتھ ساتھ انتظامی نظام میں بھی بہتری ناگزیر ہے۔ شہریوں کے مطابق بازار میں پیشہ ور بھکاریوں کا ایک منظم نیٹ ورک بدستور سرگرم ہے، جو خریداروں کو بار بار روک کر رقم طلب کرتا ہے اور اس سے بازار کا ماحول متاثر ہوتا ہے۔
شہریوں نے مزید توجہ دلائی کہ کم عمر بچے ریڑھیاں لے کر بڑی تعداد میں بازار آنے والے خریداروں کے گرد جمع ہو جاتے ہیں اور مسلسل آوازیں لگا کر سامان اٹھانے یا دیگر خدمات کی پیشکش کرتے ہیں، جس سے خریداری کے لیے آنے والے افراد کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر راجہ بازار کو حقیقی معنوں میں ماڈل بازار بنانا مقصود ہے تو صرف تزئین و آرائش کافی نہیں، بلکہ پیشہ ور بھکاریوں، غیر منظم سرگرمیوں اور کم عمر بچوں سے مشقت جیسے مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ خریداروں کو ایک محفوظ، منظم اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں