پشاور: خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی رنگارنگ لانچنگ تقریب، چھ ٹیموں کے لوگوز اور جرسیز لانچ
پشاور میں خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، لیگ ایمبیسیڈر شاہد آفریدی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران لیگ کی چھ ٹیموں کے لوگوز اور جرسیز بھی لانچ کی گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم دنیا کو خیبرپختونخوا کا مثبت اور پُرامن چہرہ دکھانا چاہتے ہیں، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم پُرامن لوگ ہیں، دہشت گرد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ مثبت سوچ، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے ذریعے کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، قومی کرکٹ ٹیم میں بھی صوبے کے کھلاڑیوں کی نمایاں نمائندگی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز لیگ میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی اور یہ ٹورنامنٹ ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔
لیگ کے سی ای او سہیل خان کنڈی نے کہا کہ کے سی ایل کے آغاز سے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں جوش و جذبہ بڑھے گا اور صوبے کا نیا کرکٹ ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ انہوں نے لیگ کو سپورٹ کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بھی شکریہ ادا کیا۔