اسلام آباد: تھانہ نون پولیس کی بڑی کارروائی، غیر قانونی اسلحہ برآمد، دکان مالک گرفتار
اسلام آباد پولیس نے تھانہ نون کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گولڑہ موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب واقع ایک اسلحہ دکان پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا، جبکہ دکان کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی “شاہد اینڈ ڈیلر ویپن اسٹور” میں کی گئی، جہاں سے 12 بور کے کارتوس، 30 بور اور 9 ایم ایم پستول، میگزینز اور کلاشنکوف کے راؤنڈز سمیت بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ ایمونیشن برآمد ہوا۔
پولیس نے دکان کے مالک شاہد جان ولد واحد جان کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم برآمد شدہ اسلحہ اور ایمونیشن کے لائسنس یا دیگر قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔
تھانہ نون پولیس نے برآمد شدہ اسلحہ اور ایمونیشن قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف آرمز آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔