مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، دو کھلاڑی جاں بحق، شاہراہ بلاک
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کھلاڑی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شمس آباد کراس کے قریب واقع کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں میچ جاری تھا۔ حملے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق مسیحی برادری سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین نے احتجاجاً کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ فائرنگ کے محرکات کے بارے میں تاحال سرکاری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
ذرائع: پولیس، سمیع خان (مستونگ)