کوٹ ادو: اغوا ہونے والی 22،22 سالہ دو نوجوان لڑکیاں لاہور سے بازیاب

کوٹ ادو: اغوا ہونے والی دو نوجوان لڑکیاں لاہور سے بازیاب

کوٹ ادو: لاہور سے بازیاب ہونے والی 22،22 سالہ دو نوجوان لڑکیاں، نور بی بی اور جویریہ، بازیابی کے بعد تھانہ سٹی کوٹ ادو کے ایس ایچ او رانا ہارون اختر اور انچارج جینڈر کرائم صائمہ بتول کے ہمراہ میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں۔

پولیس کے مطابق دونوں لڑکیاں یکم جولائی کو اپنے گھر سے یہ کہہ کر نکلی تھیں کہ وہ مظفرگڑھ میں پولیس بھرتی کے لیے درخواست جمع کرانے جا رہی ہیں، تاہم دو روز گزرنے کے باوجود گھر واپس نہ آئیں۔

لڑکیوں میں سے ایک، جویریہ، کے بزرگ والد کی درخواست پر تھانہ سٹی کوٹ ادو میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی۔

ایس ایچ او رانا ہارون اختر اور انچارج جینڈر کرائم صائمہ بتول کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے بھرپور کوششوں کے بعد دونوں لڑکیوں کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں