چارسدہ: شدید گرمی اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف چارسدہ کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے فاروق اعظم چوک اور مردان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہیدہ بازار، پڑانگ، پرانے بازار اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی عدم فراہمی ناقابل برداشت ہو چکی ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
احتجاج کے باعث فاروق اعظم چوک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور بجلی کی فراہمی معمول پر نہیں آتی، دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔