بی آر ٹی پشاور کے فلیٹ میں مزید 52 نئی بسیں شامل، خواتین کے لیے پنک بس سروس بھی شروع ہوگی
پشاور: ٹرانس پشاور نے اعلان کیا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کے لیے 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار ہیں، جنہیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر فلیٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔ ان میں سے 25 نئی بسیں جولائی کے آغاز میں پاکستان پہنچ جائیں گی، جبکہ باقی بسیں بھی مرحلہ وار فلیٹ کا حصہ بنیں گی۔
ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کے ساتھ خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس بھی شروع کی جائے گی، جس کا مقصد خواتین مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق نئی بسیں بی آر ٹی کے کوریڈور اور فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ شہریوں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے روٹس کے اجراء پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بسوں کی تعداد میں اضافے سے بی آر ٹی کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو مزید بہتر، بروقت اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔