وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا حلقہ انتخاب جہلم اور دینہ کا دورہ، یومِ عاشور کے انتظامات کا جائزہ، جلوس کے شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا حلقہ انتخاب جہلم اور دینہ کا دورہ، یومِ عاشور کے انتظامات کا جائزہ، جلوس کے شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اپنے انتخابی حلقے جہلم کے مختلف علاقوں بشمول سول لائنز کے مقام پر شہر کے مرکزی جلوس اور دینہ میں بن گلہ اسد آباد، شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یوم عاشور کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور جلوس کے شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے وزیر مملکت کو محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی، حفاظت اور عزاداران کی سہولت کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں، بلال اظہر کیانی نے سیف سٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے منسلک سیف سٹی کیمروں، ڈرونز اور دیگر جدید آلات کے ذریعے ضلع بھر کے جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا۔

وزیر مملکت نے جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، طبی سہولیات کی دستیابی، سبیلوں اور لنگر و کھانے پینے کے انتظامات کا خود جائزہ لیا اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے جلوسوں کے منتظمین، امن کمیٹی کے ارکان اور علماء کرام سے بھی ملاقاتیں کیں اور امن و امان برقرار رکھنے میں ان کے مثالی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ بلال اظہر کیانی نے عزاداران اور عام عوام سے براہ راست ملاقات کر کے حکومتی انتظامات کے بارے میں ان کی رائے بھی معلوم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی انتھک محنت، یکسوئی اور باہمی تعاون کی بدولت ہی پرامن انداز میں یوم عاشور کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہل خانہ اور باوفا ساتھیوں کی شہادت اسلامی تاریخ کا ایک بہت بڑا اور عظیم سانحہ ہے۔ امام عالی مقام نے اللہ تعالیٰ کے دینِ حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے صاف انکار کر کے اسلام کو ایک نئی زندگی بخشی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواسہ رسولؐ نے اپنے اعلیٰ کردار، لازوال قربانی اور نڈر قیادت کے ذریعے رہتی دنیا تک کے لیے یہ پیغام چھوڑا ہے کہ سچائی اور حق کی راہ میں ہمیشہ ڈٹ جانا چاہیے، چاہے اس کے لیے اپنی جان اور اولاد ہی کیوں نہ قربان کرنی پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں