شاہ پور ڈیم کے سبزہ زار پر سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کا منفرد اجتماع

شاہ پور ڈیم کے سبزہ زار پر سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کا منفرد اجتماع

اکوڑوال (اٹک): کالا چٹا پہاڑ کے دامن میں واقع شاہ پور ڈیم جھیل کے دلکش کنارے پر مقامی ریسٹورنٹ کے سبزہ زار میں ضلع اٹک کے معروف سماجی رہنما اور سینئر صحافی سردار سلطان سکندر المعروف ’’سلطان صحافت‘‘ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان، سابق سینیٹر زاہد خان اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما سید یوسف نسیم کے اعزاز میں ایک خصوصی دعوتِ عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جو سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں کے ایک یادگار اجتماع کی صورت اختیار کر گیا۔

تقریب میں راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تنویر خان اور خیبر پختونخوا کے سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر زاہد خان شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔

چوہدری تنویر خان کے ہمراہ ملک جہانگیر خان، شوکت بھٹی اور حمزہ جہانگیر ملک شریک ہوئے، جبکہ زاہد خان معروف صحافی ابرار علی سعید اور سید عبدالطیف شاہ کے ساتھ تقریب میں پہنچے۔

تقریب میں راولپنڈی اسلام آباد پریس کلب کے بانی اور طویل عرصہ تک پریس کلب راولپنڈی کے صدر منتخب ہونے والے سینئر صحافی حاجی محمد نواز رضا، الیکٹرانک میڈیا کے معروف صحافی محسن رضا خان، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سابق صدر طارق چوہدری، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر میڈیا ناصر میر، راجہ خاور نواز، عدیل افضل خان، طارق محمود قادری، حاجی محمد رفیق مغل، بلال مغل حسن ابدال، پوٹھوہار صحافت کے سرخیل سجاد اظہر اور معروف صحافی خالد قریشی سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم اپنی اہلیہ محترمہ سابق ڈپٹی اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی بیگم مہرالنساء کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر حال ہی میں فریضۂ حج ادا کرکے وطن واپس آنے والی شخصیات میں بابو انجم حفیظ قریشی، حاجی ایم جاوید چوہدری، عرفان جاوید چوہدری، حاجی محمد اعظم پسوال، ملک احتشام اعظم پسوال، ثاقب خان کھٹڑ، عتیق فرہاد اور محمد عثمان بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز قاری ولی الرحمن نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جبکہ سید یوسف نسیم نے عالم اسلام، پاکستان اور کشمیر کی آزادی و سلامتی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کرائی۔

دعوتِ عشائیہ کے دوران شرکاء نے ملکی و بین الاقوامی حالات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ معاہدے، خطے کی بدلتی صورتحال اور اس کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے اثرات زیر بحث رہے۔

سیاسی گفتگو کے دوران ضلع اٹک کی سیاست کے اہم کردار سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کا بھی تذکرہ ہوا۔ سابق سینیٹر زاہد خان اور چوہدری تنویر خان نے ملکی سیاست، مسلم لیگ (ن) کے کردار اور مستقبل کے سیاسی منظرنامے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ سیاسی رویوں اور اندازِ سیاست میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں، تاہم میاں نواز شریف آج بھی عوامی محبتوں اور اعتماد کا مرکز ہیں۔

سابق سینیٹر زاہد خان نے گفتگو کے دوران بتایا کہ خیبر پختونخوا کی سیاست کے بزرگ رہنما، عوامی نیشنل پارٹی کے سرخیل اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور پشاور میں واقع اپنی تاریخی سیاسی رہائش گاہ ’’بلور ہاؤس‘‘ بند کرکے مستقل طور پر اسلام آباد منتقل ہو چکے ہیں۔

تقریب کے میزبان سردار سلطان سکندر نے اپنے روایتی محبت بھرے انداز میں مہمانوں کا استقبال کیا اور مختلف شخصیات کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات اور یادگار رفاقتوں کا ذکر کرتے رہے۔ انہوں نے تمام مہمانوں کی آمد کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔

تقریب کے انتظامات اور مہمان نوازی میں عدیل افضل خان، طارق قادری، ذیشان سکندر، سہیل افضل خان اور بلال احمد خان نے بھرپور کردار ادا کیا اور مہمانوں کی عزت و تکریم میں مصروف رہے۔

شرکاء نے سردار سلطان سکندر کی جانب سے منعقدہ اس پُرخلوص اور یادگار تقریب کو سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں کے درمیان روابط کے فروغ اور باہمی ہم آہنگی کا ایک بہترین موقع قرار دیا۔ یونین کونسل جنگل کے چیئرمین حاجی محمد اعظم پسوال کی شرکت کو بھی شرکاء نے خصوصی اہمیت دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں