سابق سینیٹر و معروف کاروباری شخصیت تاج محمد آفریدی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
پشاور: سابق سینیٹر، معروف صنعتکار اور سیاسی شخصیت تاج محمد آفریدی موٹروے ایم ون پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب اس وقت پیش آیا جب تاج محمد آفریدی اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ گاڑی میں پیدا ہونے والا مکینیکل فالٹ بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے کے نتیجے میں سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔ زخمی ڈرائیور کو طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔
تاج محمد آفریدی کا شمار خیبر پختونخوا اور سابق قبائلی اضلاع کی نمایاں کاروباری اور سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے تھے اور ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے نگران حکومت میں وفاقی وزیر برائے ریلیف و آبادکاری کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔
ان کے انتقال کی خبر پر سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف سیاسی رہنماؤں اور عوامی شخصیات نے تاج محمد آفریدی کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی قومی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
مرحوم کی وفات سے خیبر پختونخوا کی سیاسی و کاروباری برادری ایک بااثر اور تجربہ کار شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ ان کے لواحقین اور چاہنے والوں سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

انا للہ وانا الیہ راجعون۔
پشاور موٹروے پر صوابی کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ
ٹریفک حادثے میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق سنیٹر تاج آفریدی جاں بحق ہو گئے ڈرایئور زخمی
سنیٹر تاج آفریدی کی رینج روور گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر روڈ سے نیچے گری
میکینکل فالٹ کے باعث گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوئی موٹر وے پولیس