بحریہ ٹاؤن فیز 2 میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات، کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد(حماد چوہدری)بحریہ ٹاؤن فیز 2 میں مظہر نامی شخص کے خلاف مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کے ایک منظم نیٹ ورک کے آپریشن کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص بحریہ ٹاؤن فیز 4 سمیت مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر سوزوکی سوئفٹ گاڑیوں کے ذریعے لڑکیوں کی نقل و حرکت اور فراہمی کا انتظام کرتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دور دراز علاقوں سے بعض لڑکیوں کو بیوٹی پارلر میں ملازمت کے نام پر بلایا جاتا ہے اور بعد ازاں انہیں مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں پر مجبور کیا جاتا ہے۔ مزید دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص کے نیٹ ورک میں متعدد گاڑیاں، ڈرائیور اور بڑی تعداد میں لڑکیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب مقامی ذرائع کے مطابق تھانہ لوہی بھیر کے ایس ایچ او یوسف جٹ کی جانب سے علاقے میں غیر اخلاقی اور جرائم پیشہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں بحریہ ٹاؤن فیز 4 میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔ تاہم شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ الزامات کے حوالے سے تاحال کوئی واضح کارروائی سامنے نہیں آئی۔
متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سامنے آنے والے الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔