اسلام آباد ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں بلوچستان کے عوام کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے کوئٹہ سے اسلام آباد اور کراچی کے فضائی کرایوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید احتجاج کیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جہاں کوئٹہ سے دبئی کے لیے دوطرفہ ٹکٹ تقریباً 70 ہزار روپے میں دستیاب ہے، وہیں کوئٹہ سے کراچی یا اسلام آباد کی دوطرفہ ٹکٹ بعض اوقات ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک پہنچ جاتی ہے، جو کہ نہ صرف حیران کن بلکہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی اور معاشی استحصال کے مترادف ہے۔
سینیٹر دنیش کمار کے مطالبے پر قائمہ کمیٹی نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایئرلائنز کے سربراہان کو طلب کر لیا ہے، تاکہ اس غیر معمولی اضافے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کے عوام کو سستی، منصفانہ اور قابلِ رسائی فضائی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں