اسلام آباد، افغان سفارتخانے کے ناظم الامور اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات، باہمی امن و استحکام کے لیے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر زور

کابل (بی این اے) اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ناظم الامور اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی باہمی ملاقات۔ ملاقات میں باہمی امن و استحکام کے لیے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے نے یہ خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں امارت اسلامیہ کے سفارتخانے کے ناظم الامور مولوی سردار احمد شکیب نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں افغان سفارت خانے کے سربراہ نے افغانستان کے عوام کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کی دیرینہ حمایت پر اظہار تشکر کیا اور اسلام آباد اور کابل کے درمیان یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
سراج الحق نے افغانستان میں امن و استحکام کی صورت حال کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنی جماعت کی حمایت کا یقین دلایا۔
دونوں فریقین نے الزام تراشی سے گریز کرنے اور سرکاری چینلز کے ذریعے چیلنجز حل کرنے پر زور دیتے ہوئے باہمی امن اور استحکام اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں