* فیلڈ مارشل نے ژوب میں نماز عید اداکی *
* **********
* مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کے جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔
* *************
راولپنڈی (ڈسٹرکٹ نیوز ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ضلع ژوب، بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کے جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔
دورے کا آغاز نمازِ عید کی ادائیگی سے ہوا، جس میں پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ تیاری اور دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف مسلسل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی اور دشمن قوتوں کی سرپرستی میں ہونے والے خطرات کے خلاف وطن کے دفاع میں فوجی جوانوں کی جرات، قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کوئٹہ میں پیش آنے والے حالیہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” اور اس کے سہولت کاروں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، معاونین اور عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع میں شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے موقع پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔


