وزیر خزانہ کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجراء مالیاتی تعاون اور سرمایہ کاری میں اہم پیش رفت ہے
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کی دوسری بڑی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کر لی ہے، جسے ملک کی معاشی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کا اجراء پاکستان اور چین کے مالیاتی تعاون میں نیا باب ہے، اور اس کے ذریعے پاکستان کو پہلی بار چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی ساکھ پر عالمی اعتماد کا اظہار ہے اور اس سے دونوں ممالک کے مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ایک چوتھائی تجارت اب مقامی کرنسیوں میں ہو رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں اب فوکس کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری پر ہے، جبکہ حکومت ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔