*شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس صاحب شہید کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں میں ادا، چارسدہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات*
چارسدہ: معروف عالمِ دین و شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس صاحب شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سرکاری و پولیس افسران، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر چارسدہ پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے خود تمام سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی اور موقع پر موجود رہ کر سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔
جنازہ گاہ اور اطراف کے علاقوں کو سپیشل برانچ، بی ڈی یو یونٹ، ڈی ایس بی ٹیم اور سنفر ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے مکمل طور پر کلیئر کیا گیا، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرکے سخت نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔
چارسدہ پولیس نے نمازِ جنازہ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے، جبکہ حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت رکھی گئی۔
ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔