اسلام آباد تھانہ نون کی حدود میں مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ویڈیوز میں واضح طور پر اسلحہ سے لیس افراد کو ویگو ڈالوں اور وی ایٹ گاڑیوں میں آ کر نہ صرف خوف و ہراس پھیلاتے بلکہ اربوں روپے مالیت کی زمین پر زبردستی داخل ہونے کے لیے توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حیران کن طور پر اتنی کھلی غنڈہ گردی کے باوجود تاحال کسی بااثر یا مسلح ملزم کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس گروہ کے پیچھے ایک سیاسی شخصیت کے اثر و رسوخ کا عنصر شامل ہے
تاہم اسلام آباد پولیس کی جانب سے اس حساس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف اس واقعے میں ملوث مسلح عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، بصورت دیگر دارالحکومت میں قانون کی عملداری ایک سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گی۔