*یونیورسٹی طلبہ کو نشے میں دھکیلنے والا درندہ صفت منشیات فروش گرفتار*
*تھانہ کھنہ پولیس کی دبنگ کارروائی، بھاری مقدار میں آئس اور چرس برآمد*
تھانہ کھنہ پولیس نے ایس ایچ او دلشان فاروقی کی زیر قیادت بھرپور اور دبنگ کارروائی کرتے ہوئے معاشرے کے ناسور اور نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر دھکیلنے والے بدنام زمانہ منشیات فروش عثمان گل ولد نصیب خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نہایت مکروہ دھندے میں ملوث تھا اور مبینہ طور پر یونیورسٹی کے معصوم طلبہ کو نشے کی لعنت میں مبتلا کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم عرصہ دراز سے تھانہ کھنہ کی حدود میں منشیات فروشی کا گھناؤنا کاروبار چلا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1533 گرام آئس اور 2440 گرام چرس برآمد کر لی گئی، جو نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس مکروہ نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔