پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کے دوران اندرونِ سندھ کچے کے علاقے شکارپورتھانہ نیو فوجداری نزد چِرگی قبرستان سے 2ملزمان عطا محمد شیخ(جس کے سر کی قیمت 60 لاکھ مقرر ہے) اور نادر علی کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے1 عدد ایس ایم جی بمعہ 7 عدد میگزین اور 133 راؤنڈز،ایک عدد موبائل فون، ایک عدد سونے کی چین اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پرقتل،اقدام قتل،ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور دیگرسنگین جرائم میں مطلوب ملزم عطا محمد شیخ کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔چھاپہ مار کاروائی کے دوران مطلوب ملزم عطا محمد شیخ اور اس کے ساتھی نادر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم عطا محمد شیخ کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل اور دیگر جرائم کی33 ایف آئی آر درج ہیں جبکہ ملزم کے سرکی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے انڈس ہائی وے کو محفوظ بنانے کیلئے دیگر گینگ کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔