اسلام آباد وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان اور وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام کلین اینڈ گرین پاکستان کی ملک گیر مہم کا آغاز کیا گیا۔اس سلسلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر پنجاب نارتھ اور مینٹی نینس یونٹ لاہور کی ٹیم نے قومی شاہرات اور موٹرویز کے ساتھ میسرز اظہار سٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے پودے لگائے۔اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے لاہور ایسٹرن بائی پاس کے ساتھ شجرکاری کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فیلڈ سپورٹس کنزرویشن سوسائٹی کے درمیان این ایچ اے کے ریجنل آفس پنجاب نارتھ میں ایک MOU پر دستخط بھی کئے گئے۔ شجر کاری مہم کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کیلئے این ایچ اے اور گرانا ڈاٹ کام (Grana.Com) کے درمیان ایک دوسرے MOU پر بھی دستخط کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایسٹرن بائی پاس کے ساتھ شجرکاری کا کام جاری ہے۔شجر کاری مہم کے تحت مرید کے سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راحت امان اللہ بھٹی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کے ساتھ مل کر لاہو رایسٹرن بائی پاس پروجیکٹ کے ساتھ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت پودے لگائے۔
اسی طرح کراچی ناردرن بائی پاس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے ساتھ شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔این ایچ اے کے شکار پور مینٹی نینس یونٹ نے N-65 پر بھی پودے لگائے۔واضح رہے کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت قومی شاہرات اور موٹرویز کے ساتھ شجر کاری کیلئے ہدایات جاری کی ہیں اور شجر کاری کی یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔
