کابل (بی این اے) نائب وزیر داخلہ مولوی محمد نبی عمری سے آج پاکستان کے سکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی قیادت میں وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ خطے میں امن و امان سب کے مفادمیں ہے اور امید ظاہر کی کہ کچھ موجودہ مسائل حل ہو جائیں گے۔
خرم آغا نے اس سال 26 مارچ کو پاکستان کے حدود میں خیبر پختونخوا میں بشام کے علاقے میں ہونے والے حملے کے بارے میں بات کی اور افغان حکومت سے سیکیورٹی کے شعبے میں مدد کی امید ظاہر کی۔
افغان نائب وزیرداخلہ نے مذکورہ وفد کا خیرمقدم کیا اور اس طرح کے دوروں کو مسائل کے حل اور تعلقات کے فروغ میں کارگر قرار دیا۔
محمد نبی عمری نے امارت اسلامیہ کی نیک نیتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان جو اپنے لیے امن چاہتا ہے، دوسروں کے لیے بھی نیک خواہشات رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ بدامنی کی منفی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور خطے میں امن کو اپنے اور سب کے لیے اچھا سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشام دہشت گردی کا واقعہ ایک برا حادثہ تھا، لیکن ہر فریق کو اپنے علاقوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور مسائل کا رخ موڑنے کے بجائے حقیقی تعاون کی فضا قائم کرنی چاہیے۔
انہوں نے پاکستانی فریق کو یقین دلایا کہ امارت اسلامیہ کسی کو اپنی سرزمین کے غلط استعمال کی اجازت نہ دینے کے لیے پرعزم ہے اور وہ دوسروں سے بھی یہی چاہتی ہے۔
