بلوچستان کی بیٹی ڈاکٹر گل سمین میروانی کے لیے بڑا اعزاز، 15 سال بعد صوبے کی خاتون ڈاکٹر نے اہم بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا

بلوچستان کی بیٹی ڈاکٹر گل سمین میروانی کے لیے بڑا اعزاز، 15 سال بعد صوبے کی خاتون ڈاکٹر نے اہم بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے تعلق رکھنے والی نوجوان کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر گل سمین میروانی کو ایشیا اینڈ اوشیانا فیڈریشن آف آبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی (AOFOG) کانگریس 2026 کی جانب سے بلوچستان کی نوجوان کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ان کی اس کامیابی کو صوبے کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر گل سمین میروانی نے اپنی محنت، لگن، قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت یہ اعزاز حاصل کیا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق تقریباً 15 سال بعد بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کسی خاتون ڈاکٹر نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے، جو صوبے کی خواتین طبی ماہرین کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ڈاکٹر گل سمین میروانی نے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (QIMS) سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی، جبکہ شعبہ امراضِ نسواں و زچگی میں نمایاں کارکردگی پر ڈسٹنکشن بھی حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کراچی اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال (BMCH) کوئٹہ سے متعلقہ شعبے میں ایف سی پی ایس کی تربیت اور ڈگری حاصل کی۔

ایشیا اینڈ اوشیانا فیڈریشن آف آبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی ایک بین الاقوامی طبی تنظیم ہے، جو ایشیا اور اوشیانا کے خطے میں خواتین کی صحت، تولیدی طب اور امراضِ نسواں و زچگی کے شعبوں میں طبی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتی ہے۔

اس موقع پر صدر سوسائٹی آف آبسٹیٹریشینز اینڈ گائناکالوجسٹس آف پاکستان (SOGP) پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی جانب سے ڈاکٹر گل سمین میروانی کو ادارے کی طرف سے سرٹیفکیٹ پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر گل سمین میروانی کی یہ کامیابی نہ صرف ضلع پنجگور بلکہ پورے بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ صوبے کی باصلاحیت خواتین اپنی محنت اور پیشہ ورانہ قابلیت کے ذریعے عالمی طبی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں