کراچی میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف این سی سی آئی اے کا کریک ڈاؤن، مالک سمیت 11 ملزمان گرفتار

کراچی میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف این سی سی آئی اے کا کریک ڈاؤن، مالک سمیت 11 ملزمان گرفتار

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر سائبر فراڈ کا نشانہ بنانے والے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالک سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے بن کر شہریوں سے حساس ذاتی اور بینکنگ معلومات حاصل کرتے تھے، جنہیں مالی فراڈ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے نے 36 لیپ ٹاپ، 8 موبائل فون، ایک ڈی وی آر اور سائبر فراڈ میں استعمال ہونے والے دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016، ترمیم شدہ 2025 کی متعلقہ دفعات اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مالی لین دین کا سراغ لگانے اور مبینہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کال سینٹرز، مالی فراڈ اور دیگر سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں