افضل گورو کے خاندان کے خلاف انتقامی کارروائی اور شبیر احمد شاہ کی ضمانت مسترد کرنا بزدلانہ اقدام ہے، عزیر احمد غزالی چیئرمین پاسبانِ حریت جموں کشمیر

افضل گورو کے خاندان کے خلاف انتقامی کارروائی اور شبیر احمد شاہ کی ضمانت مسترد کرنا بزدلانہ اقدام ہے، عزیر احمد غزالی

مظفرآباد ( ) پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے شہید افضل گورو کے خاندان کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائی اور حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی ضمانت مسترد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیری شہداء اور سیاسی قیدیوں کے اہلِ خانہ کو دباؤ اور خوف میں مبتلا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افضل گورو کی شہادت کے بعد ان کے خاندان کو اسلامی قانونِ وراثت اور ریاستی قوانین کے تحت اپنی جائیداد کے قانونی حقوق حاصل تھے، لہٰذا خاندان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیری شہداء کے خاندانوں اور سیاسی قیدیوں کے اہلِ خانہ کو خوفزدہ کرنا ہے، تاہم ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی ضمانت مسترد کیے جانے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے بھارتی جیلوں میں قید ہیں اور ان کی عمر اور بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر مناسب طبی سہولیات اور انسانی بنیادوں پر ضروری علاج کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

چیئرمین پاسبانِ حریت نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ افضل گورو کے خاندان کے خلاف کارروائی اور کشمیری سیاسی قیدیوں کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور متاثرہ خاندانوں اور قیدیوں کے بنیادی انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور انہیں بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق قانونی، طبی اور انسانی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں