بھارتی بارڈر فورس کے ہاتھوں 2 پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارت سے شدید احتجاج
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو 2 اکتوبر 2026 کو بیڈین سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستان کا سخت احتجاج پہنچایا گیا۔
پاکستان نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کے خلاف بلااشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا، جو مکمل طور پر بلاجواز اور غیر متناسب تھا، جس کے نتیجے میں دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
دفتر خارجہ نے جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص حقِ زندگی، کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔
پاکستان نے بھارتی حکام سے واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب قانونی اور تادیبی کارروائی کرنے اور تحقیقات کے نتائج سے حکومت پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کرنے پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، متعلقہ دوطرفہ معاہدوں اور سرحدی طریقہ کار کی پابندی کرے، ایسے واقعات سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اسلام آباد — 3 اکتوبر 2026