سہیل آفریدی کا ملاکنڈ میں خطاب، 4 اکتوبر کو نکلنے اور 5 اکتوبر کو یومِ فتح منانے کا اعلان

ملاکنڈ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ اور تقدیر بدل دیں گے، کوئی طاقت ہمیں اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، ہمیں کرسی اور عہدہ نہیں بلکہ ملک میں انصاف، جمہوریت اور حقیقی آزادی چاہیے۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی ملاکنڈ کے دورے پر چکدرہ انٹرچینج پہنچے، جہاں کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملاکنڈ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ آج ہم عمران خان کے نڈر اور غیرت مند کھلاڑی شکیل خان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ مخالفین سادہ لباس میں جتنی مرضی غنڈہ گردی کرلیں، ہمارے جذبے اور نظریے میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص کرسی اور عہدے کے پیچھے بھاگتا ہے، وہ بہت چھوٹا ہوتا ہے اور اس کی سوچ بھی چھوٹی ہوتی ہے۔ ہم عہدوں کے لیے نہیں بلکہ اپنے ملک میں انصاف، جمہوریت اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہوچکی ہیں، ہم نے انصاف کے لیے ہر حربہ آزمایا اور ہر دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی۔ اب اپنے لیڈر، انصاف اور مستقبل کے لیے 4 اکتوبر کو نکلنا ہوگا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کہا جاتا ہے کہ گاڑیاں نہیں جائیں گی تو ہم موٹر سائیکل پر جائیں گے، موٹر سائیکل نہ ہوئی تو سائیکل پر اور سائیکل بھی نہ ہوئی تو پیدل جائیں گے، لیکن اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 4 اکتوبر کو ایک بار پھر دمادم مست قلندر ہوگا اور 5 اکتوبر کو عمران خان کی سالگرہ ان شاء اللہ یومِ فتح کے طور پر منائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ سومنات والی بات پر غصے میں آگئے، انہیں اس وقت غیرت کیوں نہیں آتی جب معصوم شہریوں پر گولیاں چلائی جاتی ہیں؟ آج ملک کی معیشت تباہ حال ہے، نوجوان پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں، لیکن ان کی غیرت خاموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے، لیکن ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور حقیقی آزادی کے حصول تک کھڑے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں