کراچی: میوہ شاہ قبرستان میں رینجرز اور پولیس کا بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن، 2 زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار

کراچی: میوہ شاہ قبرستان میں رینجرز اور پولیس کا بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن، 2 زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے میوہ شاہ قبرستان، سائٹ ٹاؤن میں پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی جبکہ ایک کو بغیر مزاحمت گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت محمد ریحان اور طفیل احمد عرف استاد جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحیم عرف آر کے کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگسٹر بلال پپو اور ماما یعقوب گروہ سے ہے۔ ملزمان کباڑ مارکیٹ کے تاجروں سے بھتہ وصول کرنے، بھتہ نہ دینے پر خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

رینجرز کے مطابق ملزم محمد ریحان نے 2025 میں جہان آباد میں منشیات کے اڈے پر کام شروع کیا اور بعد ازاں طلحہٰ جہانگیر کے کہنے پر ماما یعقوب گروہ میں شامل ہوا۔ ملزم 10 ستمبر 2026 کو میراں ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہوائی فائرنگ میں بھی ملوث رہا۔

زخمی ملزم طفیل احمد عرف استاد 2013 میں سکندر عرف سکو کے اسٹریٹ کرمنل گروہ میں شامل ہوا تھا۔ وہ بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا، جبکہ 2026 میں ریحان کے کہنے پر بھتہ وصولی گروہ میں شامل ہوا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رینجرز نے شہریوں سے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دینے کی اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں