وزیراعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں اور کمیونٹی وفود کی ملاقاتیں

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں اور کمیونٹی وفود کی ملاقاتیں

نیویارک (صحافی آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری اور نوجوانوں کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صحت، کاروبار اور سماجی شعبوں میں کردار سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی نوجوانوں کے وفد میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی انٹرپرینیورز، یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے تجاویز دینے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں اور انہیں پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ حکومت ملک بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف فراہم کرنے جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے معیاری اور یکساں تعلیمی مواقع دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جو بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں اور نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی نوجوانوں نے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

ملاقاتوں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں