بہاولپور میں والد کو زہر دینے کی مبینہ کوشش، اے آئی سے رہنمائی لینے والا 17 سالہ نوجوان گرفتار
بہاولپور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے والد کو مبینہ طور پر زہر دینے کی کوشش کرنے والے 17 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان NCCIA کے مطابق ملزم مبینہ طور پر امریکی کرائم ڈراما سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر تھا اور اس نے گھر میں ایک لیبارٹری قائم کر رکھی تھی، جہاں وہ مصنوعی ذہانت (AI) سے زہریلا مادہ تیار کرنے سے متعلق رہنمائی حاصل کرتا رہا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے بیرون ملک سے کیمیائی مواد منگوایا اور والد کو مبینہ طور پر زہر دینے کی پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد اے آئی سے دوبارہ رہنمائی طلب کی۔
NCCIA کے مطابق ملزم کو بیرون ملک سے موصول ہونے والی انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔