قمر رضا کے ایکشن کمیٹی سے مذاکرات، قرآن مجید کو ضامن بنانے کے دعوے پر سوالات
قمر رضا وہی شخصیت ہیں جو ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے لیے کئی روز تک رابطے میں رہے۔ اس دوران ان کے طرزِ عمل اور یقین دہانیوں پر ایکشن کمیٹی کے بعض ارکان کی جانب سے تحفظات بھی سامنے آتے رہے۔
موقف رکھنے والوں کے مطابق قمر رضا نے مذاکرات کے دوران قرآن مجید ہاتھ میں اٹھا کر عمر نذیر کشمیری سے کہا کہ ’’قرآن ضامن ہے‘‘۔ بعض ساتھیوں نے اس وقت بھی خدشات کا اظہار کیا کہ ان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، تاہم عمر نذیر کشمیری کا مؤقف تھا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے جو ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ پر نازل ہوئی اور انسانوں کی رہنمائی و ہدایت کے لیے ہے۔
اب قمر رضا کے حوالے سے ایک ویڈیو/دعویٰ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس میں انہیں لندن میں اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے مبینہ طور پر سخت اور نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جبکہ بعض افراد مذاکرات کے دوران دی گئی یقین دہانیوں اور بعد کے مبینہ طرزِ عمل کو ایک دوسرے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔
نوٹ: قرآن مجید کو کسی معاملے میں ضامن بنانے سے متعلق دعویٰ اور ویڈیو میں موجود گفتگو کے مکمل سیاق و سباق کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔