پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط
اسلام آباد: وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے۔ وزارت دفاع کے مطابق نئے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دفاعی تعاون کے معاہدے 2023 کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔ معاہدے کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے میں بھی معاونت کرے گا، جبکہ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔
وزارت دفاع کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون باہمی طور پر طے شدہ شعبوں تک وسیع کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک کویت دفاعی تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔
دونوں ممالک نے باہمی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔