پمز سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کی نگرانی کیلئے مینجمنٹ اوورسائٹ کمیٹی قائم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پمز سمیت ملک بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لیے مینیجمنٹ اوورسائٹ کمیٹی قائم کردی گئی۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی المناک ہلاکت کے واقعے کے بعد سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی و طبی امور میں بہتری اور مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ ایڈوائزر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال، حفاظتی اقدامات، انتظامی نظام اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور بہتری کے لیے اصلاحات سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔
کمیٹی پمز کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور مؤثر انتظامی نظام کے قیام کے حوالے سے بھی تجاویز تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔