فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات

تہران: پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال، امن و سلامتی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی اور پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔

ایرانی خبر رساں ادارے IRNA کے مطابق ملاقات پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و سلامتی کے استحکام کی کوششوں کے تسلسل میں ہوئی۔

محمد باقر قالیباف نے گفتگو کے دوران امریکا کی جانب سے مبینہ وعدہ خلافیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے معاملے میں امریکا کی وعدہ خلافی نے علاقائی استحکام کو متاثر کیا اور امریکا کے بارے میں عدم اعتماد کی ایک اور وجہ پیدا کی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت میں فریقین کی ذمہ داریاں اور وعدے واضح ہیں، ایران اس کے نکات پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے اور امریکا کو بھی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

قالیباف نے بیرونی دباؤ کے حوالے سے ایران کے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایران دباؤ سے متاثر نہیں ہو رہا اور مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل درآمد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، باہمی تعاون اور موجودہ علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں